وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ 2 افغان باشندے موقع پر گرفتار کرلیے ۔
تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جعلی ویزوں کے اجرا میں وزارت خارجہ اور پی آئی ڈی کے اہلکار بھی ملوث نکلے، 4 کروڑ روپے کی مشکوک رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کی گئی، ویزوں کیلئے جعلی سپانسرشپ اور شناختی کارڈ استعمال کئے گئے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ویزے 24 سے 48 گھنٹوں میں جاری کئےگئے، انٹیلی جنس کو اطلاع نہیں کی گئی، ملزمان جی 8 اسلام آباد میں واقع شو رومز سے نیٹ ورک چلا رہے تھے ۔
افغان باشندوں سے ویزوں کے عوض ہزاروں ڈالر وصول کیے گئے، گرفتار نیٹ ورک سے موبائل فون، جعلی کاغذات اور دیگر ریکارڈ برآمد کرلیا گیا ۔
ایف آئی اے نے کہا کہ مزید سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، مقدمے کے متن کے مطابق گروہ اس دھندے سے ملک کی سالمیت کو بھی خطرے میں ڈال رہا تھا ۔