آج 8 جولائی 2025 کو کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی کی شہادت کو 9 برس مکمل ہو گئے۔ برہان وانی وہ نوجوان کشمیری رہنما تھے جنہوں نے بھارتی قبضے کے خلاف آزادی کی تحریک میں نئی روح پھونکی، اور ہزاروں نوجوانوں کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔
برہان مظفر وانی 19 ستمبر 1994 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے دداسر میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک ہونہار طالب علم تھے جو ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھتے تھے۔ آٹھویں جماعت سے ہر کلاس میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرتے رہے۔ تاہم 2010 میں صرف 16 برس کی عمر میں ان کی زندگی کا رخ اس وقت بدل گیا جب بھارتی فوج کے اہلکاروں نے انہیں اور ان کے کزن کو بغیر کسی جرم کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس اور فوج کی مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر برہان نے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔ وہ نہ صرف عسکری میدان میں ماہر ثابت ہوئے بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی کشمیری نوجوانوں میں شعور اور جذبہ بیدار کیا۔ ان کی ویڈیوز اور پیغامات نے نوجوان نسل کو بھارتی مظالم کے خلاف کھڑا ہونے کی طاقت دی۔
برہان وانی کے بڑے بھائی کو 13 اپریل 2015 کو بھارتی فوج نے حراست کے دوران شہید کر دیا، جس کے بعد برہان کی جدوجہد مزید شدت اختیار کر گئی۔ ان کی مقبولیت، جنگی حکمت عملی، اور گوریلا کارروائیاں بھارتی افواج کے لیے مستقل خطرہ بن گئیں۔
بھارتی حکومت نے ان کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کی، مگر وہ قابض افواج کے لیے ایک ایسا سایہ بن چکے تھے جو انہیں دن رات خوفزدہ رکھتا تھا۔
بالآخر 8 جولائی 2016 کو بھارتی فوج نے کوکرناگ کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران انہیں شہید کر دیا۔ ان کے جنازے میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی، جس نے واضح کر دیا کہ وہ کشمیریوں کے دلوں پر راج کرتے تھے۔
برہان وانی کی شہادت کے بعد وادی میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوئے۔ 53 روزہ کرفیو کے دوران بھی کشمیری عوام سڑکوں پر نکلے اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ان مظاہروں میں 100 سے زائد کشمیری نوجوان شہید ہوئے، سینکڑوں زخمی یا گرفتار ہوئے۔
آج برہان وانی صرف ایک شخص نہیں، بلکہ ایک تحریک کا نام ہے۔ وہ نوجوانوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں اور ان کا پیغام آزادی کا علم بلند رکھے ہوئے ہے۔
برہان وانی کی قربانی کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ ان کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ ظلم جتنا بھی طاقتور ہو، سچائی اور آزادی کی آواز کو کبھی دبا نہیں سکتا۔