خیبر پختونخوا پولیس اہلکاروں کے شہدا پیکج اور یونیفارم الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا، کانسٹیبل رینک کے شہدا پیکج میں 10 لاکھ جبکہ آئی جی لیول کے افسران کے پیکج میں ایک کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ،جبکہ یونیفارم الاونس میں تمام اہلکاروں کیلئے 4 سے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔
پشاور: خیبرپختونخوا کی حکومت نے پولیس اہلکاروں کے شہدا پیکج میں 10 لاکھ روپے سے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے تک اور یونیفارم الاؤنس میں 4 تا 6 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ۔
محکمہ خزانے خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن کے مطابق شہدا پیکج میں اضافے کیساتھ ساتھ شہدا کے خاندانوں کو پلاٹ بھی دیے جائیں گے ۔
محکمہ خزانہ کے مطابق کانسٹیبل رینک کے لیے شہدا پیکج میں 10 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور یہ ایک کروڑ سے بڑھ کر ایک کروڑ 10 لاکھ ہوگیا ہے ۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جنرل لیول کےافسران کے لیے شہدا پیکج میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیکج ایک کروڑ سے بڑھ کر دو کروڑ 10 لاکھ روپے ہوگیا ہے ۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ شہدا کے خاندانوں کو ( شہید کے) رینکس کے تناسب سے 5 مرلے سے لے کر ایک کنال کے پلاٹ بھی ملیں گے ۔
نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینکس تک کے یونیفارم الاؤنس میں 4 ہزار روپے سے لے کر 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ۔