خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار/شدید موسلادھار بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی سے 17 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ۔
پشاور: پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر ،کوہاٹ،کرک، بنوں، ٹانک،لکی مروت، ڈی آئی خان ،باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ ،مردان، صوابی،ہنگو،اور کرم اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 سے 17 جولائی کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث گلیات،مانسہرہ ،کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان اضلاع کے مقامی/برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔
اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیموں کو الرٹ اور پیشگی دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت،مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے ندی نالوں اور ڈرینج سسٹم کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے،کسانوں کو فصلوں کی جلد کٹائی اور محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پردیں ۔