بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول جوڑی، سیف علی خان اور کرینہ کپور کے حوالے سے ایک چونکا دینے والا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ پاکستان کے سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار مبشر لقمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف اور کرینہ کی ازدواجی زندگی میں شدید تنازع پیدا ہو چکا ہے اور دونوں کی راہیں جدا ہونے والی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں مبشر لقمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی میڈیا کے اندرونی ذرائع، جنہیں انہوں نے طنزیہ انداز میں "چوہے” کہا، سے اطلاع ملی ہے کہ کرینہ اور سیف کے درمیان طلاق ہونے والی ہے۔ ان کے مطابق سیف علی خان ایک اسکینڈل میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے اور اسی واقعے کے بعد کرینہ نے ان پر حملہ کیا۔
مبشر لقمان نے مزید انکشاف کیا کہ سیف علی خان نے قطر کی شہریت حاصل کر لی ہے اور وہ جلد بھارت چھوڑ کر وہاں منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم کرینہ اس فیصلے سے متفق نہیں ہیں، یہی اختلاف دونوں کے درمیان علیحدگی کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔
یہ معاملہ صرف یہاں تک محدود نہیں، بلکہ کچھ ماہ قبل معروف بھارتی نجومی سشیل کمار سنگھ نے بھی سیف اور کرینہ کے تعلقات کے حوالے سے ایک حیران کن پیش گوئی کی تھی۔ اپنے ایک انٹرویو میں سشیل کمار نے بتایا تھا کہ سیف اور کرینہ کی کنڈلی کے مطابق اگلے ڈیڑھ سال میں ان کی طلاق ہو جائے گی۔ ان کی اس پیشگوئی نے اس جوڑے کے مداحوں کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے دو بیٹے تیمور اور جے بھی ہیں، جو میڈیا میں اکثر زیر بحث رہتے ہیں۔