اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں سینیٹر شبلی فراز اور ایم این اے عمر ایوب سمیت نو ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا۔ یہ فیصلہ 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے کے بعد سنایا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق نااہل قرار دیے گئے ارکان میں پانچ ارکان قومی اسمبلی، ایک سینیٹر اور تین ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کے ارکان میں رائے حیدر علی، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز اور زرتاج گل بھی شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی سے نااہل ہونے والے ارکان میں انصر اقبال، جنید افضل اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال کے نام شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کی نشستیں خالی قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 31 جولائی کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے تین مختلف مقدمات میں فیصلہ سنایا تھا، جس کے تحت عمر ایوب، شبلی فراز سمیت 196 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔ خصوصی عدالت نے پہلے دو مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے 168 ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا دی۔
اسی فیصلے میں رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، عمر ایوب اور شبلی فراز کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کو بھی دس سال کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ جنید افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔