خیبرپختونخوا حکومت نے باجوڑ آپریشن کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں ٹارگیٹڈ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے باجوڑ آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ ہر متاثرہ خاندان کو پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں متاثرین کو پچیس ہزار روپے ادا کیے جائیں گے جبکہ باقی پچیس ہزار روپے ان کی واپسی پر فراہم کیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو دس کروڑ روپے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ متاثرین کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ ٹارگیٹڈ کارروائیوں کے نتیجے میں جو لوگ رضاکارانہ طور پر اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوں گے، انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔