وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں ردو بدل کا اعلان کردیا، جس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 84 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی جبکہ پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اسلام آباد: وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 12 روپے 84 پیسے کمی کے بعد 272 روپے 99 پیسے ہو گئی جبکہ پیٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے پر برقرار ہے ۔
وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کا تیل 7 روپے 19 پیسے سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 178 روپے 27 پیسے ہو گئی ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 20 پیسے تنزلی کے بعد 162 روپے 37 پیسے میں دستیاب ہو گا ۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کردیا گیا ہے جو 31 اگست تک نافذالعمل ہو گا ۔