ہم شاید دنیا کی اُن چند اقوام میں شامل ہیں جو ہر سال ایک ہی آزمائش سے گزرتی ہیں، ایک ہی حادثے کو سہتی ہیں اور پھر بھی سبق نہیں سیکھتیں سیلاب ہمارے لیے بلکل بھی اجنبی نہیں۔ ہر سال بارشیں آتی ہیں، ندیاں اور دریا بےقابو ہوتے ہیں، بستیاں ڈوب جاتی ہیں، لاکھوں افراد بے گھر ہوتے ہیں اور اربوں کھربوں کا نقصان ہوتا ہے۔ چند دن میڈیا کی شہ سرخیوں میں یہ کہانی زندہ رہتی ہے، پھر رفتہ رفتہ غائب ہو جاتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس شور شرابے کے بعد ہم نے کبھی یہ سوچا کہ اگلی بار یہ تباہی کیسے روکی جا سکتی ہے؟
جون 2020 کی ایک صبح پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو 188 ملین ڈالر کی گرانٹ دی گئی۔ خواب یہ تھا کہ ایک ایسا جدید نظام بنایا جائے جو نہ صرف موسم کی درست پیشگوئی کرے بلکہ ہمیں آنے والے سیلابوں اور طوفانوں سے پہلے خبردار کر سکے۔ اُس وقت کے وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی، ملک امین اسلم نے اس منصوبے پر دستخط کیے۔ یہ منصوبہ پاکستان ہائیڈرومیٹ اینڈ ایکو سسٹم ریسٹوریشن سروسز پراجیکٹ کہلاتا تھا منصوبے کے دو بڑے حصے تھے
پہلا حصہ محکمہ موسمیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا۔ نئے رڈار نصب کرنا، خودکار موسمی اسٹیشن لگانا، ڈیٹا کے تجزیے کے لیے جدید نظام لانا، اور محکمہ موسمیات کے عملے کو تربیت دینا تاکہ وہ عوام کو بروقت اور درست اطلاعات فراہم کر سکیں
دوسرا حصہ قدرتی طریقوں پر مبنی اقدامات اس میں جنگلات کی بحالی، نئے درخت لگانے، آبی ذخائر کو محفوظ کرنے اور زمین کو اس طرح بہتر بنانے کے منصوبے شامل تھے کہ وہ بارش اور سیلاب کے اثرات کو اپنے اندر جذب کر سکیں۔
یہ منصوبہ بظاہر ایک خواب تھا، لیکن خواب کا انجام کچھ اور ہی نکلا
منصوبے کو بار بار دوبارہ تشکیل دیا گیا ابتدا میں ہی اس کے کئی اہم حصے نکال دیے گئے، جن میں موسم رڈار اور خودکار اسٹیشن شامل تھے یوں جس منصوبے کو ہماری حفاظت کے لیے بنیاد بننا تھا، اس کی بنیاد ہی کمزور کر دی گئی
جب 2022 میں تباہ کن سیلاب آیا، تو یہ منصوبہ کسی کام نہ آ سکا۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، ہزاروں زندگیاں ختم ہوئیں، اور معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا۔ اس وقت حکومت نے فوری ریلیف کے لیے اس منصوبے کے 150 ملین ڈالر ہنگامی امداد اور نقد رقوم (بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے) پر خرچ کر دیے۔ بے شک اس وقت یہ قدم ناگزیر تھا، لیکن اس کے نتیجے میں صوبے کا اصل مقصد — یعنی ایک جدید اور دیرپا نظام — مزید پیچھے چلا گیا۔
پھر فنڈز میں کمی کر دی گئی 188 ملین ڈالر کم ہو کر 168 ملین ڈالر رہ گئے ظاہر ہے جب بجٹ کٹ جائے تو خواب بھی ادھورے رہ جاتے ہیں
اس پر بیوروکریسی کی روایتی سست روی نے جلتی پر تیل کا کام کیا ایک ادارہ دوسرے ادارے کا انتظار کرتا رہا، فائلیں ایک میز سے دوسری میز تک گردش کرتی رہیں، اور وقت ہاتھ سے نکلتا گیا
عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ یہ منصوبہ باضابطہ طور پر دسمبر 2024 میں مکمل ہو چکا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے کئی اہم اجزاء غائب ہیں۔ سب سے بڑھ کر عالمی بینک نے اس منصوبے کو “غیر تسلی بخش” قرار دیا۔ گویا پانچ سال کی محنت اور اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود ہم وہیں کھڑے ہیں جہاں سے چلے تھے۔
سوال یہ ہے کہ ہم کب جاگیں گے؟ ہم کب اپنے مستقبل کو بچانے کے لیے پالیسی سطح پر سنجیدہ فیصلے کریں گے؟ اگر ہمارے پاس جدید موسمیاتی نظام موجود ہوتا تو 2022 کا سیلاب اتنی بڑی تباہی نہ لاتا۔ لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ہم حادثوں کو صرف خبروں اور سرخیوں تک محدود رکھتے ہیں، اُن سے سبق نہیں سیکھتے
قدرت ہمیں بار بار خبردار کر رہی ہے، اور ہم بار بار اس کی آواز ان سنی کر دیتے ہیں
دنیا آگے بڑھ رہی ہے، جدید نظام اپنا رہی ہے، اور ہم وہ کام بھی نہیں کر سکے جو زمانے نے کب کا کر لیا
قدرت بار بار ہمیں متنبہ کر رہی ہے۔ سیلاب اور طوفان ہمیں جھنجھوڑ کر کہہ رہے ہیں
اگر تم نے خود کو نہ بدلا تو میں بار بار آؤں گا
یوں لگتا ہے جیسے ہماری اجتماعی سوچ پر یہ مصرعہ صادق آتا ہے
ہم کو خبر نہیں تھی زمانہ کیا کہے گا
ہم نے وہ کام کر دیا جو زمانہ نہ کر سکا
اتوار, اگست 17, 2025
بریکنگ نیوز
- موسمیاتی پیشگوئی کا نظام، 188 ملین ڈالر کی عالمی امداد بیوروکریسی کی نذر
- سیلاب متاثرین کے لیے پاک فوج کا امدادی مشن جاری
- خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کیلئے تیار ہیں،وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا علی امین گنڈاپور کو ٹیلیفون
- آزاد پاکستان کی غلام گردشیں
- اسلام آباد میں ہائیکنگ ٹریلز پر 19 اگست تک شہریوں کا داخلہ بند کردیا گیا
- مالاکنڈ: رہنما جے یو آئی کے بیٹے کی فائرنگ، بیٹا، بیٹی جاں بحق، مفتی کفایت اللہ زخمی
- مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے سے ممکن ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
- باجوڑ میں نقل مکانی