چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہےکہ بھارت سے تعلقات میں کلیئر ہیں، برابری پر بات ہوگی، وہ وقت گزر گیا کہ بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگیں ۔
لاہور میں صحافیوں سےگفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم پر بلاوجہ تنقید بند کی جانی چاہیے، ایشیا کپ میں ٹیم اچھا پرفارم کرےگی، ٹیم کی پرفارمنس مزید اچھی ہوگی ۔
بابر اعظم کو ٹیم میں نہ لینے کے سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کا کسی کو ٹیم میں شامل کرنے اور نکالنے میں کوئی کردار نہیں ہے، سلیکٹرز پروفیشنل ہیں اور انہیں میرٹ پر فیصلہ کرنےکا کہا ہے، دستیاب بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم ہے ۔
ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرےگی ۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلےکارکردگی پر بنیاد پر ہوئے ہیں، ٹیم نے محنت کرنا ہے ہم نے ان کے پیچھے کھڑا ہونا ہے، خدارا بلاوجہ تنقید نہ کریں، ابھی ایک میچ ہوتا ہے تو تنقید شروع کردی جاتی ہے، ٹورنامنٹ یا سیریز کے دوران شروع نہ ہو جایا کریں ۔