کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے ۔
کوہاٹ: ریجنل پولیس افسر عباس مجید مروت کے مطابق تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام کے ہمراہ بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی، اور آپریشن کی کمان سنبھال لی ۔
پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں ۔
آر پی او عباس مجید مروت نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا، ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ۔