پشاور (سید حسن علی شاہ سے): خیبر ٹیلیویژن نیٹ ورک نے اپنی روایتی شان کو برقرار رکھتے ہوئے بانی کرنل مشتاق احمد خان اورکزئی کی خدمات اور ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی مارننگ شو کا انعقاد کیا۔ یہ شو جمعہ کے روز پشاور سنٹر سے براہ راست نشر کیا گیا۔
کرنل مشتاق احمد خان اورکزئی، جو خیبر ٹیلیویژن پشاور کے بانی ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر ایڈمن، اسٹیشن مینجر، پروڈیوسر اور رائٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں، کو پشاور سنٹر آمد پر پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ شو کی میزبانی معروف میزبان مینہ شمس نے کی، جبکہ معزز مہمانوں میں زکی الرحمان، کامران جان، جمشید علی خان اور خیبر نیوز پشاور کے چیف محمد وسیم شامل تھے۔
پروگرام کے دوران کرنل مشتاق احمد خان سے جڑی خوشگوار یادوں اور ان کی شاندار خدمات کا تذکرہ کیا گیا۔ میزبان اور شریک مہمانوں نے ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور پروڈیوسر، ڈائریکٹر ایڈمن اور اسٹیشن مینجر (پشاور اور ایبٹ آباد) اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھائیں اور ادارے کے وقار میں اضافہ کیا۔
اس موقع پر زکی الرحمان، کامران جان اور محمد وسیم نے کرنل مشتاق کی نذر منتخب اشعار پیش کیے۔ جواب میں کرنل مشتاق نے بھی پُراثر اشعار سنائے جنہوں نے ماحول کو سنجیدہ اور یادگار بنا دیا۔ اس دوران ان کے دورانِ ملازمت شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ملنے والے ایوارڈز کی فوٹیجز بھی دکھائی گئیں جنہیں ہائر مینجمنٹ نے انہیں پیش کیا تھا۔
خیبر ٹیلیویژن نیٹ ورک کے مشر جناب کامران حامد راجہ نے کرنل مشتاق کو پھولوں کا گلدستہ اور تحائف پیش کیے۔ شو کے اختتام پر کرنل مشتاق احمد خان اورکزئی نے محترم مشر، میزبان، شریک مہمانوں، شو کے پروڈیوسر حنیف بلوچ، ایڈمن پروڈکشنز، میک اپ ڈیپارٹمنٹ اور ٹیکنیکل اسٹاف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔