بنوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ،ہلاک دہشتگردوں کی شناخت راشدین عرف ملنگ یار اور خالد عثمان عرف عثمان کے ناموں سے ہوئی، دونوں کا تعلق بنوں سے تھا، دہشت گردوں کے چند ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، مرنے والوں میں سی ٹی ڈی کے 4 اہلکاروں کی شہادت کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے ۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم تنظیم (فتنہ الخوارج) سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع کمپنی روڈ پر دہشتگردی کی ایک بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم نے ضلعی پولیس کے ہمراہ فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کیا ۔
آپریشن ٹیم کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، سی ٹی ڈی اور پولیس کی جانب سے اپنی حفاظت اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، سی ٹی ڈی ٹیم اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً 25 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔
فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا تو 2 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت راشدین عرف ملنگ یار اور خالد عثمان عرف عثمان کے ناموں سے ہوئی، دونوں کا تعلق بنوں سے تھا، دہشت گردوں کے چند ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد راشدین عرف ملنگ یار 30 اپریل 2025 کو سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا، جس میں اے ایس آئی بن یامین خان سمیت 4 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا، اس کے علاوہ یہ پولیس پوسٹ برگنتو اور سپینہ تنگی پر حملوں میں بھی ملوث تھا، جن میں کانسٹیبل میر صالح خان نے جامِ شہادت نوش کیا تھا ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد خالد عثمان عرف عثمان 2023 کے دوران سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس پر متعدد حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا، مذکورہ دہشت گرد نے نومبر 2023 میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل امجد پر حملہ کر کے اس کو زخمی کیا تھا جبکہ اسی مہینے عبدالحمید حوالدار سی ٹی ڈی کو نشانہ بنا کر زخمی کیا تھا ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 عدد کلاشنکوف، 6 میگزین، 23 راؤنڈز، دو ہینڈ گرینیڈ، دو موبائل فونز اور کالعدم ٹی ٹی پی کے دو کارڈز برآمد ہوئے ہیں، فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کی اضافی نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔