سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے حملہ کرنے والے5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ میں 6 پولیس اہلکار اور امام مسجد شہید ہوگئے جبکہ ایک عام شخص سمیت 12پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب بھارتی پراکسی گروپ "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ سکول پر بزدلانہ حملہ کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سکول کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہل کاروں نے ان کے ناپاک عزائم کو بروقت ناکام بنا دیا جس پر مایوسی کے عالم میں دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے غیر متزلزل جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، باقی دو دہشت گردوں کو عمارت کے ایک حصے میں گھیر کر سیکیورٹی فورسز نے ایک منظم کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے 6 بہادر اہلکار مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کر گئے جن میں تربیتی کیڈٹس بھی شامل تھے جب کہ بارہ پولیس اہلکار اور ایک معصوم شہری زخمی ہوئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے دوران اسکول کمپلیکس کی مسجد کو بھی نشانہ بنایا جہاں انہوں نے نہ صرف مقدس مقام کی بے حرمتی کی بلکہ امام مسجد کو بھی شہید کردیا، علاقے میں سرچ اور صفائی کے آپریشن جاری ہیں اور اس بزدلانہ و سفاکانہ کارروائی کے مرتکبین کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ پاک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے، پوری قوم کے ساتھ مل کر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ہم وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں ۔