خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں دہشت گردوں کی نقل وحرکت محسوس کی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں ہلاک دہشتگردوں میں ایک کی شناخت افغان شہری قاسم کے نام سے ہوئی، قاسم نامی دہشتگرد افغان بارڈر پولیس میں کام کر رہا تھا ۔
دوسری جانب ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھی ایک دہشتگرد کو اپنے انجام تک پہنچادیا گیا، ہلاک دہشتگرد کی شناخت افغان شہری اکرام الدین عرف دجانا کے نام سے ہوئی ۔
آئی ایس پی آر کی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دراندازی کی کوششوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندر اپنی موجودگی کا تاثر دینا اور باجوڑ و مہمند میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں سے دہشتگردوں کا گرتا ہوا حوصلہ بحال کرنا ہے ۔

