خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ب 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، کارروائیاں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی او شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 15 اور 16 نومبر 2025 کو 15 دہشتگردوں کو 2 الگ الگ جھڑپوں میں اپنے انجام تک پہنچادیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیوٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، اس دوران افواج نے خوارج کے ٹھکانے کو بھرپور طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سرغنہ عالم محسود سمیت 10 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے دتہ خیل میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران فورسز نے مزید 5 خوارج کو کامیابی سے ٹھکانے لگا دیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارج کو تلاش کرکے ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں ۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سیکیوٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت اپنی بے رحمانہ انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور رفتار سے جاری رکھیں گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑا جا سکے ۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے 15 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ15 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ۔
انہوں نے کہا کہ قوم خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے ۔

