سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران مزید 23 دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہچادیا، ہلاک دہشتگردوں میں اہم کمانڈر سجاد عرف ابو ذر بھی شامل ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کییں، کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی دہشتگردوں سے تعلق رکھنے والے 23 دہشتگرد جہنم واصل کر دیئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے سرغنہ سجاد عرف ابوزر سمیت 11 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی گئی جس میں مزید 12 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری ملک گیر انسدادِ دہشتگردی مہم پوری طاقت سے جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والا ایک خارجی ضلع بنوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گرد مسلسل ناکامیوں کے بعد نرم اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مؤثر کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز سے دہشتگردوں کی صلاحیتیں کمزور پڑ رہی ہیں ۔

