لوئر جنوبی وزیرستان کے تحصیل سروکئی میں نصب شدہ بم کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مقامی امن کمیٹی کے سربراہ قادم خان زخمی ہوگئے۔ واقعے کے فوراً بعد زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ارشد خان کے مطابق دھماکا تحصیل سروکئی میں ہوا، جس میں امن کمیٹی کے سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے خوجڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے امن کمیٹی کے سربراہ ملک شیروز خان کی حجرے کے ساتھ بارودی مواد نصب کیا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں حجرے کی دیوار کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ دونوں واقعات کی الگ الگ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

