نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 16 سے 22 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری اور خراب موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ، سوات، بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور پونچھ میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن، عارضی بندش اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات کیے جائیں اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ سیاحتی مقامات پر رہائشی سہولیات اور آمد و رفت کے انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

