بنوں میں سرکلر روڈ منصوبے پر کام کرنے والی نجی کمپنی کے کیمپ پر نامعلوم عسکریت پسندوں نے دھاوا بول دیا، جس کے نتیجے میں کیمپ میں موجود بھاری مشینری کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بنوں کے علاقے دوا منزی میں پیش آیا، جہاں 20 سے 25 مسلح عسکریت پسند کیمپ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام مشینری کو آگ لگا دی۔ حملہ آوروں نے کرین، ڈمپر، اسکیویٹر، واٹر ٹینکر، جنریٹر، رولر، لوڈر، سولر پلانٹ، ٹریکٹر، ڈیزل ڈرم، کرننگ کمپاؤنڈ ڈرم اور ویلڈنگ پلانٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پراجیکٹ انجینئر شرافت کے مطابق واقعے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے سے کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کے محرکات جاننے میں مصروف ہیں۔

