کراچی میں گل پلازہ کے المناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ 83 افراد تاحال لاپتہ ہیں، متاثرہ عمارت میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے ۔
کراچی: گل پلازہ میں ریسکیو اہلکار جلی ہوئی عمارت کے بیشتر حصوں میں داخل ہوگئے جہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، آگ کے باعث گل پلازہ کے ساتھ والی عمارت کے پلرز بھی ٹیڑھے ہوگئے ۔
ڈپٹی کمشنر ساوتھ آفس میں لاپتہ افراد کی فہرست آویزاں کردی گئی، 12 افراد کے اضافے کے بعد لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 83 ہوگئی جبکہ 29 افراد کی موبائل لوکیشن گل پلازہ کے اطراف کی آرہی ہے ۔
گل پلازہ کی ہولناک آتشزدگی میں جاں بحق 18 افراد کی شناخت ہوگئی جبکہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو سول ہسپتال میں اپنا ڈیٹا اورڈی این اے نمونے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق سول ہسپتال میں اب تک 20 لاشوں کےڈی این اےسیمپل لیےگئے ہیں، 48 فیملیز نے اپنے ڈی این اے سیمپل بھی جمع کرادیے ہیں۔ ڈی آئی جی اسد رضا نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کےلیے سندھ فرانزک ڈی این اےلیبارٹری جامعہ کراچی بھیجےجارہےہیں،اگلے تین دنوں تک کراس میچنگ جاری رہے گی ۔

