پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے تجوڑی میں خطرناک اشتہاری ڈاکو نصیر کے گھر پر صبح سویرے چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں تھانہ کے ایس ایچ او جمیل خان زخمی ہو گئے۔
زخمی ایس ایچ او کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب لکی مروت کے علاقے عباسہ خٹک میں نامعلوم افراد نے ایک سولر ٹیوب ویل کو نشانہ بناتے ہوئے بارودی مواد کا دھماکہ کیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ٹیوب ویل کو معمولی نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متاثرہ سولر ٹیوب ویل امن کمیٹی کے سرکردہ رکن ہمایون خان کی ملکیت ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی نامعلوم افراد اسی ٹیوب ویل پر دھماکہ کر چکے ہیں، جبکہ کچھ عرصہ پہلے ہمایون خان کے گھر پر راکٹ حملہ بھی ہوا تھا، جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔

