وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی سمگلنگ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔
اسلام آباد: وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی سمگلنگ کا دعویٰ بے بنیاد ہے، یہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے بتایا گیا کہ افغانستان پہلے ہی امریکی و اتحادی افواج کے چھوڑے گئے 7.2 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار رکھتا ہے، افغانستان میں سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، ان ہتھیاروں کو پاکستان سے جوڑنا اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کو پناہ، سہولت اور کارروائی کی آزادی ہے، یہ گروہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔
وزارت اطلاعات نے مطالبہ کیاکہ افغان طالبان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف دہشتگردی کےلیے استعمال نہ ہونے دیں ۔

