اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اہم اجلاس منعقد ہوا.
اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق 11 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
منظور کیے گئے منصوبوں میں خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کا سولر پلانٹ، پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پراجیکٹ اور اسلام آباد میں کنگ سلمان بن عبدالعزیز ہسپتال کا منصوبہ شامل ہے۔
اجلاس میں گوادر کے لیے واٹر سپلائی اسکیم، لسبیلہ کینال کی بحالی و تزئینِ نو اور بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور منصوبوں کی راہ میں حائل تمام انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولت فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، سینئر وزیر پنجاب، وزیر منصوبہ بندی بلوچستان، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری اقتصادی امور اور چیئرمین سی ڈی اے نے شرکت کی۔

