خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع اور دیگر پولیس منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے گئے، دستاویز کے مطابق تمام اخراجات مقررہ طریقۂ کار اور مدت کے اندر متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیے جائیں گے، آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اور انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کو مضبوط بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر کام جاری ہے ۔
پشاور: دستاویز کے مطابق پولیس کے جاری منصوبوں کے بقایا فنڈز بھی جاری کیے گئے ہیں، صوبائی پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے 1 ارب 3 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ تیز رفتار عمل درآمد پروگرام کی سکیموں کے لیے 4 ارب 26 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے 1 ارب 86 کروڑ 75 لاکھ روپے، پولیس اور انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے بنیادی ڈھانچے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے الگ الگ 1 ارب 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
صوبے کی ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈکوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشن کی فزیبلٹی اسٹڈی اور تعمیر کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے، ہنگو پولیس ٹریننگ کالج میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے اور پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر و بحالی کے لیے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے علاقائی ہیڈکوارٹرز کی فزیبلٹی سٹڈی اور تعمیر کے لیے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے، صوبے میں پولیس کے بنیادی ڈھانچے کی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے بھی 1 کروڑ 80 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
چارسدہ کے پولیس اسٹیشن مندنی کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ روپے، مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے اور صوبے میں انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے ضلعی نظام اور پشاور کے علاقائی ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے 60 کروڑ 48 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔
پشاور پولیس لائنز کی موجودہ عمارت کی بحالی، ڈھانچے کی مرمت، تبدیلی اور توسیع کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے جبکہ ٹانک میں پولیس لائنز کے لیے زمین کے حصول کے سلسلے میں عدالتی طور پر طے شدہ واجبات کی ادائیگی کے لیے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کیے گئے ۔
دستاویز کے مطابق تمام اخراجات مقررہ طریقۂ کار اور مدت کے اندر متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیے جائیں گے، دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اور انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کو مضبوط بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر کام جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، اس ناسور کا خاتمہ کریں گے، آئی جی کے پی نے پولیس کو بے پناہ قربانیوں پر خراج تحسین بھی پیش کیا ۔

