اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر پر اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
دونوں راہنماؤں نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعِ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ سیاہ تنازعِ جموں و کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کو اپنی امنگوں کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام نے نسل در نسل جبر، مشکلات اور مصائب کا سامنا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں آزادی، وقار اور انصاف کے حصول کے عزم کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، بنیادی آزادیوں کے احترام اور قانونی تقاضوں کی پاسداری پر بھرپور توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل سے وابستہ ہے۔
پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر ان کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

