مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارتی مظالم کے باوجود آزادی کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت نے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے، لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی شمع آج بھی روشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کا جذبۂ آزادی نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی استقامت اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔

