سوات: آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نے پولیس ٹریننگ سکول سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کے مشران کے جرگے سے خطاب کیا ہے۔
آئی جی ایف سی نے خطاب میں کہا کہ عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان اعتماد اور یگانگت کا مضبوط رشتہ وطن کے دفاع اور خدمت کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک سپاہی کی حیثیت سے ہمارا یقین ہے کہ جسے آپ نوکری کہتے ہیں، وہ محض ملازمت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وردی کو محض نوکری نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی راہ میں جہاد کی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
اس فرض کو کبھی عام ڈیوٹی یا صرف ملازمت نہیں سمجھنا چاہیے۔
آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ اس وردی کو پہننا اور یہ فرض ادا کرنا ہماری تقدیر میں لکھا تھا۔
ان شاء اللہ، ہم وطن کے لیے یہ قربانیاں ہمیشہ دیتے رہیں گے کیوں کہ پاکستان ہی ہماری عزت، جان اور پہچان ہے۔
انہوں نے وطن کے دفاع اور خدمت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔

