نیویارک: اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر سخت حقِ جواب دیتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا۔
اجلاس کا موضوع ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور قیامِ امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ تھا۔
انصار شاہ نے کہا کہ بھارت حقائق سے توجہ ہٹانے، انکار کی روایتی روش اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے معاملے کو الجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 2 ہمسایہ ممالک کے درمیان پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ مؤقف کہ معاہدہ 1960 کا ہے اور دنیا بدل چکی ہے، ناقابل قبول ہے۔
اقوام متحدہ کا منشور اس سے بھی پرانا ہے جسے 81 برس گزر چکے ہیں کیا بھارت کے نزدیک وہ بھی فرسودہ ہو چکا ہے۔
جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نظرانداز کرنا بھی بھارت کا طرز عمل رہا ہے۔
فرسٹ سیکرٹری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے اور 1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
بھارت کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے پاکستان کے داخلی معاملات پر بھارتی مندوب کے ریمارکس کو غیر سنجیدہ اور نامناسب قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قانون پسند، امن دوست اور ذمہ دار ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھا جاتا ہے۔
انصار شاہ نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسند ہندوتوا نظام حکومت کا غلبہ ہے جو اقلیتوں کے خلاف امتیاز، آزادی اظہار کو دبانے اور نفرت انگیزی کو فروغ دے رہا ہے۔
بھارت اپنی پروپیگنڈا مشینری کے ذریعے اپنے عوام کو گمراہ کر سکتا ہے لیکن عالمی برادری کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی معاہدوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 240 ملین سے زائد پاکستانیوں کے لیے ناگزیر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ازسرنو جائزہ نہیں بلکہ جبر کا حربہ ہے جو تنازعے کو جنم دیتا ہے۔

