پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی، قومی ٹیم نے 90 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے کامیابی حاصل کی ، شاندار بولنگ پر محمد عباس میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے ۔
راولپنڈی: پاکستان کی جانب سے اذان اویس 32 اور عامر جمال 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
چوتھے دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے کیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف دیا تھا ۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رضا اللہ نے 2 وکٹ حاصل کی، ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر کیا ۔
کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی فاسٹ بولروں کی تباہ کن بولنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی ۔
محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3،3 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی بیٹنگ کو تنکوں کی طرح بکھیر دیا تھا جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوکر 227 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ٹیل اینڈر بیٹر رضا اللہ نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی ۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی، پاکستان کے محمد عباس کو شاندار بولنگ پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

