وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان ہونے کے بعد پہلی قسط کے طور پر 10 ارب روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی ہے ۔
اسلام آباد: سرکاری دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے 12 چنیدہ اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ بقیہ 25 اضلاع کی ترقی کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔
ان 12 مخصوص اضلاع میں کل 430 ترقیاتی سکیمیں شروع کی جائیں گی، ان میں سے 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جبکہ باقی 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے، مزید برآں، ان علاقوں میں 100 اور 180 دنوں میں مکمل ہونے والے خصوصی ترقیاتی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔
اس پیکج کے ذریعے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جس میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جائے گی ۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ شعبہ صحت کی 41 سکیموں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص ہوئے ہیں۔ اسی طرح، مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جن کے تحت باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش سکول بنائے جائیں گے، اس کے علاوہ 70 تعلیمی اداروں کی بحالی و اپ گریڈیشن ہوگی اور 409 سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا ۔
ان علاقوں میں ذرائع آمدورفت اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم جیسے اہم منصوبے بھی شامل ہیں ۔
عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی آسان بنانے کے لیے 88 واٹر سپلائی سکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے تحت 100 طلبہ کو زرعی تعلیم حاصل کرنے کے لیے سکالرشپ پر چین بھیجا جائے گا ۔
علاوہ ازیں، سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیگر 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔

