اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر کارروائی براہِ راست نشر کرنے (لائیو اسٹریمنگ) کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے ۔
مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست خارج کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ معاملہ تاحال انتظامی کمیٹی کے پاس زیرِ غور ہے اور اس حوالے سے قواعد و ضوابط مرتب ہونا باقی ہیں ۔
سماعت کے وقت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے قواعد بننے تک اپیلوں کی کارروائی مؤخر کرنے کی درخواست کی، جس پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالت کو ہدایات نہیں دے سکتے، عدالتی امور کیسے چلانے ہیں یہ فیصلہ کرنا میرا اختیار ہے، کارروائی کھلی عدالت میں ہو رہی ہے تو آپ دلائل دینے سے کیوں گریز کر رہے ہیں؟
دورانِ سماعت وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری سمیت چھ ملزمان عدالتی کارروائی سے غیر حاضر رہے، تاہم ٹرائل کورٹ نے محض دو ملزمان کی حد تک مقدمہ آگے بڑھایا ۔
انہوں نے دلائل دیے کہ متعلقہ رقم قومی خزانے کے بجائے چار برس تک سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رہی اور سرمایہ کاری کے باعث دوگنی ہو گئی، تو پھر نقصان کہاں ہوا؟
بیرسٹر سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ اصل نقصان اس مہنگی ترین پراسیکیوشن اور مقدمے بازی سے قومی خزانے کو پہنچا ہے، نیب کے مقدمات عموماً پیسہ بیرونِ ملک منتقل کرنے پر بنتے ہیں، مگر یہاں تو رقم ملک کے اندر آ رہی تھی، سماعت کے اختتام پر عدالت نے کارروائی براہِ راست دکھانے کی استدعا مسترد کر دی ۔

