خیبرپختونخوا میں بارشوں سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ جبکہ حادثات میں کئی جانور ہلاک ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری بارشیں برفباری اور ژالہ باری کے باعث پشاور، بنوں، شانگلہ اور باجوڑ سمیت مختلف اضلاع میں چھت اور دیواریں گرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔ بشام میں آسمانی بجلی گرنے سے پہاڑی توڈہ گر گیا۔ مختلف واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاتون سمیت 8 بچے بھی شامل ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق صوبے میں جاری بارشوں سے مختلف واقعات میں متعدد جانور ہلاک جبکہ گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔