پاکستان میں مقیم رجسٹرڈ افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے مقررہ آخری تاریخ 31 اگست طے کر دی گئی ہے۔ وزارت سیفران نے اس حوالے سے تمام ڈیٹا صوبائی اور ضلعی کمیٹیوں کو فراہم کر دیا ہے تاکہ عمل کو شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔
بارڈر ٹرمینلز پر رجسٹریشن ختم کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور افغان باشندوں کے لیے بایو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ پی او آر کارڈ ہولڈر افغان شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل واپسی یقینی بنائیں۔
رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے افغان شہریوں کی واپسی کے لیے جامع ایکشن پلان صوبائی حکومتوں کو فراہم کر دیا ہے۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کر کے انہیں مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ نگرانی اور کوآرڈینیشن بہتر بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی حساس اداروں نے پی او آر کارڈ ہولڈرز کی مکمل میپنگ کر لی ہے۔
افغان باشندوں کی سہولت کے لیے ٹرانزٹ ایریاز کا تعین کر لیا گیا ہے جبکہ نقل و حمل کے لیے بھی خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق 31 اگست کے بعد نادرا افغان شہریوں کی رجسٹریشن بند کر دے گا، جبکہ ایف آئی اے کو نامزد بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر سہولت فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مزید یہ کہ فارن نیشنل سیکیورٹی ڈیش بورڈ اس پورے عمل کو مانیٹر کرے گا اور افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کی واپسی پر نظر رکھے گا۔