پنجاب حکومت نے صوبے کے دیگر شہروں کے بعد لاہور میں بھی 6 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن مطابق دفعہ 144 3 اکتوبر سے 8 اکتوبر تک 6 دن کے لیے نافذ کی گئی ہے،3 سے 8 اکتوبر تک لاہور کی حدود میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں، مظاہروں، احتجاج اور ایسی دیگرتمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشتگردوں کے لیے آسان ٹارگٹ ہو سکتا ہے لہٰذا دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے اس سے قبل صوبے کے دیگر اضلاع فیصل آباد، بہاولپور ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، چنیوٹ اورجھنگ میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے بھی 5 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور پر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔