گلوکارہ صنم ماروی اور احمد شاہ کے درمیان جاری تنازع بالآخر ختم ہوگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ موجود غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے معافی مانگ لی اور صلح پر رضامندی ظاہر کردی۔
چند روز قبل صنم ماروی نے احمد شاہ کو پانچ کروڑ روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔ اس نوٹس میں الزام لگایا گیا تھا کہ 10 اگست کو سکھر میں سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام ایک پروگرام کے دوران احمد شاہ نے نہ صرف انہیں دھکے دیے بلکہ نازیبا زبان بھی استعمال کی اور سنگین نوعیت کی دھمکیاں بھی دیں۔
صنم ماروی نے اپنے نوٹس میں مطالبہ کیا تھا کہ احمد شاہ ایک ہفتے کے اندر باقاعدہ معافی مانگیں، بصورت دیگر وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔
اس الزام کے جواب میں احمد شاہ نے ان تمام باتوں کو یکسر مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ تو کسی قسم کی توہین کی ہے اور نہ ہی دھمکی دی۔
تاہم، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور معروف لکھاری نورالہدیٰ شاہ کی مداخلت کے بعد دونوں شخصیات میں معاملات طے پا گئے اور تنازع خوش اسلوبی کے ساتھ ختم ہوگیا۔