نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ، اس دوران خیبر پختونخوا،بلوچستان،پنجاب،سندھ ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں او ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب، سندھ ،کشمیر او گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے جب کہ دریائے چناب میں کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے ۔
رپورٹ کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ، اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جب کہ شدید بارشوں کے پیش نظر شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے ۔
الرٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ممکن ہے ۔
اس دوران جنوبی بلوچستان کے کیرتھر رینج سے نکلنے والے ندی نالوں، خاص طور پر آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں ۔
الرٹ میں کہا گیا کہ حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں ۔