بھارت میں بہار کے دربھنگہ ضلع میں ایک عجیب و دلچسپ واقعہ پیش آیا، جب راتوں رات ایک تالاب کو ختم کرکے اس کی جگہ جھونپڑی تعمیر کردی گئی
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تالاب، جسے مقامی لوگ ماہی گیری اور کھیتی باڑی کے لیے استعمال کرتے تھے، راتوں رات ریت سے بھر دیا گیا اور اس جگہ ایک جھونپڑی بھی تعمیر کردی گئی۔ تالاب کی جگہ کو مبینہ طور پر لینڈ مافیا کی جانب سے ہتھیانے کی کوشش کی گئی تھی، پانی کے ذخائر کو ریت اور دیگر مواد سے بھر کر زمین کو برابر کردیا گیا اور اس کےبعداس جگہ پر ایک جھونپڑی بنادی گئی۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رات کے وقت ٹرکوں اور بھاری مشینری کی آواز سن کر مقامی لوگوں نے پولیس کو آگاہ کیا۔
ایک مقامی باشندے نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک تالاب کیسے راتوں رات غائب ہو گیا ایسے جیسے یہ پہلے کبھی موجود ہی نہیں تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مذکورہ مقام پر جھونپڑی دکھائی گئی جہاں کبھی تالاب ہوا کرتا تھا، بھاری مشینری کی مدد سے پورے علاقے کو ہموار کر دیا گیا ہے اور تالاب کے تمام شواہد کو مٹا دیا گیا۔ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ یہ بھرائی پچھلے 10-15 دنوں میں ہوئی ہے اور یہ کام زیادہ تر رات کے اوقات میں کیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے کہ یہ زمین کس کے پاس ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ ہمارے پاس اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے کہ یہ زمین کس کی ہے۔