آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا بھرپور قوت اور بلند سطح پر جواب دیا جائے گا،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں "ایکسرسائز ہیمر سٹرائیک”میں جنگی تیاریوں اور جدید ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔
آرمی چیف آف جنرل عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، پاک فوج کی منگلا سٹرائیک کور کی جانب سے اعلیٰ درجے کی جنگی مشق "ایکسرسائزہیمراسٹرائیک” کا انعقاد کیا گیا، ایکسرسائز کے دوران آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد میدان جنگ کی حقیقی صورت حال میں پاک فوج کی حربی تیاری، مشترکہ عملی ہم آہنگی اور جدید اسلحہ جاتی نظام کے عملی انضمام کا مظاہرہ تھا ۔
مشق میں کثیرالجہتی فضائی طاقت، طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرزاور جدید انجینئرنگ تکنیکوں کا کامیاب استعمال کیا گیا،تمام ہتھیاروں اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے زبردست ہم آہنگی، چابک دستی اور مہارت کے ساتھ مربوط مظاہرہ کیا ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی جذبے کو سراہا اور اس سے پاک فوج کی آپریشنل برتری کا عملی عکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر قیمت پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیرنے کہا کہ اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کا فوری، دوٹوک اور بلند سطح کا جواب دیا جائے گا ۔
پاک فوج کے جوانوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کا خواہاں ہے مگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم غیر متزلزل ہے ۔
ایکسرسائز "ہیمر اسٹرائیک” پاک فوج کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی، جنگی حکمت عملی میں جدت اور تکنیکی جدیدیت کے سفر کی ایک اہم مثال ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت، فارمیشن کمانڈرز اور مختلف سروسز سے تعلق رکھنے والے معززین نے مشق کا مشاہدہ کیا ۔