انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں احتجاج پر درج کیے گئے مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سابق صدر عارف علوی اور پی ٹی آئی کے دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں کیے گئے احتجاج پر درج تین مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے جن رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سابق صدر عارف علوی، عمر ایوب، اسد قیصر، شاہد خٹک، خالد خورشید، فیصل امین و دیگر شامل ہیں ۔
عدالتی حکم کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور گرفتاری کے لیے آج ہی سے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
یاد رہے کہ 26 نومبر 2024 کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں خیبرپختونخوا سے آنے والے احتجاجی مارچ نے اسلام آباد میں بیلاروس کے صدر کی موجودگی میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کی تھی ۔