ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے I-9 پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماعت اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ گنڈا پور اپنے وکیل کے ہمراہ اے ٹی سی کے سامنے پیش ہوئے۔آج کی سماعت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی گئیں۔ ملزمان کو فرد جرم کے لیے 29 جولائی کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اے ٹی سی نے پرتشدد مظاہروں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری واپس لے لیے تھے۔
اے ٹی سی نے گنڈا پور کے خلاف I-9 پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کو معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔علی امین گنڈا پور نے عدالت میں سرنڈر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ سرکاری مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکے۔پی ٹی آئی کے رہنما اور کے پی کے وزیراعلیٰ کو گزشتہ سال پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ (IHC) کے احاطے میں گرفتاری کے بعد مختلف الزامات کے تحت متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔