رحیم یار خان کےکچے کے علاقے میں ڈاکووں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر راکٹ حملہ کر کے 12 اہلکار شہید کر دئیے۔
پولیس کے مطابق دونوں پولیس گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں کہ اسی اثنا میں ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے پولیس پر حملہ کردیا۔ ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ 5 لاپتہ تھے جن کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ 6 زخمی اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس قافلے پرکچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی رحیم یار خان کے علاقہ کچہ ماچھکہ میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کا موثر جواب دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کو لیڈ کرے گا ۔ مریم نواز نے ہوم سیکرٹری کو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی جبکہ آپریشن کیلئے سندھ حکومت سے رابطے کی ذمہ داری سیکرٹری داخلہ پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہے۔