بنگلہ دیش میں آسمانی بجلی گرنےسے 35 کسانوں سمیت 74 ہلاک ہوگئے ہیں۔
بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ سے اب تک آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے 35 کسانوں سمیت 74 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے اپریل میں 31 اور مئی میں 43 افراد لقمہ اجل بن گئے۔حکام کے مطابق رواں ماہ صرف ایک دن میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 74 افراد، جن میں سے 35 کسان تھے، اس قدرتی آفت کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔حکام شہریوں کو اس آسمانی بجلی کے اثرات سے بچنے کے لیے مسلسل آگاہی فراہم کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست گجرات میں گزشتہ 2 دنوں کے دوران ہونے والی ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بھارتی حکام کے مطابق ریاست میں شروع ہونے والی شدید بارشوں کے دوران ہلاک ہونے والے 24 افراد میں سے 18 اموات آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ہوئیں ہیں۔