ضلع بنوں میں چوری کے الزام میں گرفتار ملزم کی موت معمہ بن گئی، ملزم دوران حراست جاں بحق ہوگیا۔
غوریوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پر گرفتاری سے پہلے علاقہ کے لوگوں نے بد ترین تشدد کیا تھا جس کی وجہ سے اس کی حالت غیر ہو گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گیا، دوران تلاش ملزم نے پولیس کو دیکھا تو پھر بھاگنے کی کوشش کی لیکن اس دوران اچانک گر پڑا۔
دوسری جانب لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ملزم پر پولیس نے حراست کے دوران بد ترین تشدد کیا تھا جس سے وہ جاں بحق ہوا ۔
ڈی پی او بنوں نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ غوریوالہ کو معطل کر دیا۔