ریسکیو ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کے علاقے برسین کیمپ کے قریب چیئرلفٹ دریائے سندھ میں جا گری، جس میں سوار تینوں افراد دریا میں ڈوب گئے۔
ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تیز ہے لیکن اس کے باوجود بھی ریسکیو ٹیمیں 3 مختلف مقامات پر سرچ آپریشن میں مصرف عمل ہیں، چئیر لفٹ کو نکالنے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے کے وقت چئیر لفٹ میں 3 مقامی افراد سوار تھے، جن کی عمریں 18 سے 28 سال کے درمیان ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں مناسب سڑکیں یا پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگ امدروفت کیلئے دریائے سندھ کے اوپر چئیر لفٹ کا استعمال کرتے ہیں اور پھر اکثر اوقات مختلف واقعات بھی پیش آتے ہیں جس میں کئی قیمیتی جانیں ضائع ہوگئیں۔