وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلباء کے لیے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہائر ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری سمیت اہم فیصلوں پر غور کیا گیا۔اس اسکیم کے تحت طلبہ کو سات سال کے وقفے کے بعد جدید ترین لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ، لیپ ٹاپ سکیم اور خواتین کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں نئی یونیورسٹیاں اور کالج ترجیحی بنیادوں پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مشن ہے کہ ہر ضلع میں بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹیاں اور ہر تحصیل میں کالج بنائے جائیں۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے تعلیمی ایمرجنسی کے اعلان کو سراہا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ صوبے بھر میں طلباء کو 20 ہزار موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ سموگ کے بحران کو کم کرنے کے لیے مریم نواز کی سربراہی میں تیرہ رکنی خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔مختلف محکموں کے 12 وزراء پر مشتمل کمیٹی سموگ کے خاتمے سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لے گی۔کمیٹی سموگ کے اہم ذرائع کی نشاندہی بھی کرے گی۔