چینی فضائیہ کے چیف آف سٹاف نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے جس میں جنرل وانگ گینگ نے بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستانی پائلٹس کے فیصؒہ کن جواب کی تعریف کی ہے ۔
اسلام آباد: چینی ایئر فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ۔
ایئرچیف نے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جن کی جڑیں باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں ۔
جنرل وانگ گینگ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا، وہ پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین آپریشنز سے خاص طور پر متاثر ہوئے اور اسے جدید فضائی جنگ کی پہچان قرار دیا ۔
انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کے تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔
چینی فضائیہ کے چیف آف سٹاف نے پاک فضائیہ کی قیادت کی پیشہ ورانہ مہارت اور تزویراتی دور اندیشی کو سراہتے ہوئے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی مثالی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔