بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن بُنيان مَرصوص کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں شہری جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے،پاک فوج سے اظہار یکجہتی کی،خوشیاں منائیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔
بھارت کا غرورخاک میں ملنے پر ملک کے ہر گلی کوچے میں جشن اور ڈھول کے تھاپ پر لوگوں نے بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کیں، فضا پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی پاکستانی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منایا، اس موقع پر شہریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا ۔
اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں ، کراچی، کوئٹہ، سیالکوٹ،ملتان،لاہور،راولپنڈی اور دیگر کئی شہروں میں لوگوں نے پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی اور بھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی ۔
پاکستان کا جھنڈا اٹھائے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ شہریوں نے ٹینکوں پر موجود پاک فوج کے جوانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا ۔
پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر شہریوں کی محبت کا جواب دیا گیا ،کئی شہروں میں لوگوں نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ اظہار محبت کیا اور کئی علاقوں میں پاک فوج کی گاڑیوں پر پھول بھی نچھاور کئے ۔