خلا سے براہِ راست رابطے کے دوران پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گفتگو ہوئی ہے، چائنیز میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخ میں یہ پیشرفت ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔
اسلام آباد: چائنہ مینڈ سپیس ایجنسی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق زمین کے مدار میں موجود چینی خلائی سٹیشن ’تیانگونگ‘ سے یہ تاریخی رابطہ پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے ’سپارکو‘ کے ہیڈ کوارٹر میں قائم کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خلا میں موجود پاکستان کے پہلے نمائندے سے براہِ راست تبادلہ خیال کیا ۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے ’شینزو 24‘ مشن کے ذریعے خلائی سٹیشن تیانگونگ پہنچے تھے، اس مشن میں وہ بطور ’پے لوڈ سپیشلسٹ‘ خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کے ہمراہ دو چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شریک ہیں ۔
خلائی قیام کے دوران پاکستانی خلاباز چینی ماہرین کے ساتھ مل کر مختلف سائنسی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان سرگرمیوں میں خلائی آلات اور تجرباتی نمونوں کی تنصیب، ان کی فعالیت کا مشاہدہ اور کششِ ثقل سے آزاد ماحول میں جدید سائنسی تجربات کی تکمیل شامل ہے ۔

