سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نوټيفکيشن کے بعد مجموعی طور پر 74 مخصوص نشستیں بحال ہو گئیں جن میں قومی اسمبلی کی 19 مخصوص نشستیں، خیبر پختونخوا کی 25، پنجاب اسمبلی کی 27 جبکہ سندھ اسمبلی کی 3 نشستیں بحال کی گئی ہیں ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی خواتین کی 5 مخصوص نشستیں بحال کردی گئی ہیں اورقومی اسمبلی میں خیبرپختونخواکی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو 2،2 جب کہ جے یو آئی کو ایک نشست ملی ہے ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی21 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہے جن میں جے یو آئی کو 8، (ن) لیگ کو 6 اور پیپلز پارٹی کو 5 نشستیں ملی ہیں جب کہ تحریک انصاف پارلیمنٹیرین اور اے این پی کو بھی ایک ایک مخصوص نشست ملی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی 4 نشستیں بھی بحال کی گئی ہیں جن میں جے یو آئی کو 2، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کو ایک ایک اقلیتی نشست مل ہے ۔
پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 11مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں سے 10 نشستیں مسلم لیگ (ن) اور ایک پیپلز پارٹی کو ملی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3 نشستیں بھی بحال کی گئی ہیں جس میں سے مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کو ایک ایک اقلیتی نشست ملی ہے ۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں 21 نشستیں (ن) لیگ، ایک پیپلزپارٹی، ایک استحکام پاکستان پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ق) کو ملی ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اقلتیوں کی 3نشستیں بحال کی گئیں جن میں (ن) لیگ کو اقلیتوں کی 2 اور پیپلزپارٹی کو ایک نشست ملی ہے جب کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کی 2 مخصوص نشستیں بحال کی گئی ہیں جن میں خواتین کی ایک نشست پیپلزپارٹی اور ایک ایم کیو ایم کو ملی ہے ۔